شاہکام چوک فلائی اوور منصوبہ کھٹائی میں پڑ گیا

شاہکام چوک فلائی اوور منصوبہ کھٹائی میں پڑ گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( در نایاب ) تبدیلی سرکار کا لاہور کے ساتھ سوتیلا سلوک، سالانہ ترقیاتی منصوبے کے تحت 3 ارب 86 کروڑ کا منصوبہ شاہکام چوک فلائی اوور کھٹائی میں پڑ گیا، اربوں روپے کے منصوبے کے لئے بجٹ دو ہزار بیس اکیس میں صرف پچاس لاکھ کے فنڈز مختص کردیئے۔

شاہکام چوک فلائی اوور منصوبہ ایل ڈی اے گورننگ باڈی اور وزیراعلیٰ پنجاب سے باضابطہ پر منظور کرایا گیا جبکہ منصوبے کی کاسٹ کلئیرنس محکمہ پی اینڈ ڈی نے گیارہ جون کو دی گئی۔ ایل ڈی اے نے منصوبے کے لئے ڈیزائن سمیت تمام ترجیحی کاموں کو مکمل کیا گیا۔ شاہکام چوک فلائی اوور منصوبہ اڑان بھرنے کے چوتھے روز ہی زمین بوس ہوگیا۔

 ذرائع کے مطابق تبدیلی سرکار نے لاہور کی ڈویلپمنٹ نہ کرنے کی تنقید سے بچنے کے لئے منصوبہ شامل کیا۔ ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے حکام اور وائس چئیرمین کے بار بار استدعا کے باوجود بجٹ میں فنڈنگ نہ کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ دو ہزار بیس اکیس میں فنڈز مختص نہ ہونے سے منصوبہ ایل ڈی اے اون سورس اور قرض کے رحم و کرم پر رہ گیا ہے۔

ادھر واسا نے حاجی کیمپ ڈرین منصوبے میں زیر تعمیر ڈرین کو مال روڈ سے گزارنے کیلئے انار کلی سے جی پی او کی جانب مال روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا ہے۔

واسا نے تین سال قبل مال روڈ پر حاجی کیمپ براستہ چوبرجی، شام نگر روڈ تا راوی نئی ڈرین منصوبے پر کام شروع کیا تھا۔ منصوبہ میں مختلف نوعیت کی رکاوٹ کا شکار ہوکر تاخیر ہوئی۔ اب رہ جانیوالے پورشن کو میکلیگن روڈ سے ملایا جائے گا تعمیراتی کام کیلئے مال روڈ پر انار کلی سے جی پی او آنیوالی ٹریفک کو نیلا گنبد براستہ میوہسپتال متبادل روٹ دیا گیا ہے۔

 ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز کا کہنا ہے کہ منصوبے پر حکومت پنجاب سے مال روڈ بند کرنے کیلئے پچیس روز کی اجازت لی ہے۔ ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ مال روڈ کراسنگ کو تیس جون تک ہی مکمل کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔

حاجی کیمپ ڈرین کی مجموعی لاگت تین ارب جبکہ ایک ارب ساٹھ کروڑ خرچ کیا جاچکا ہے، نئے مال سال میں منصوبے کیلئے تیس کروڑ مختص کیے گئے ہیں۔