وقاص عظیم :پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کی اجازت کے بغیر شناختی کارڈز پر سمیں جاری کرنے کے معاملے پر چاروں بڑی موبائل کمپنیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 74 کروڑ روپے کے جرمانے عائد کر دیے۔
پی ٹی اے کے مطابق زونگ پر سم اجرا کے قواعد کی خلاف ورزی پر 15 کروڑ 56 لاکھ روپے، جاز پر غیر قانونی سم اجرا اور نگرانی میں غفلت پر 11 کروڑ 67 لاکھ روپے جبکہ ٹیلی نار پر بھی 11 کروڑ 67 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
اسی طرح یوفون پر مختلف خلاف ورزیوں کے باعث 23 کروڑ 34 لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا۔
پی ٹی اے نے اپنے فیصلوں میں موبائل کمپنیوں کو سم اجرا کے عمل میں سنگین بے ضابطگیوں کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے جرمانے مقررہ مدت میں جمع کرانے کی ہدایت کی ہے، بصورت دیگر مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اتھارٹی کے مطابق فرنچائزز کی خلاف ورزیوں کی ذمہ داری بھی متعلقہ موبائل کمپنی پر عائد ہوگی، کیونکہ کمپنیوں نے فرنچائزز اور بائیومیٹرک تصدیقی نظام کی مؤثر نگرانی نہیں کی۔
پی ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی سموں کا اجرا شناختی چوری، سائبر فراڈ اور مالی جرائم جیسے سنگین خطرات کا باعث بن سکتا ہے۔