شاہد سپرا:لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی چوری کی روک تھام کے لیے ٹرانسفارمرز پر سکیننگ میٹرز نصب کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
کمپنی نے ہائی لائن لاسز والے علاقوں میں سکیننگ میٹرز کی تنصیب کے اہداف مقرر کرتے ہوئے متعلقہ دفاتر کو ہدایت کی ہے کہ رواں ماہ کے دوران یہ عمل مکمل کیا جائے۔
لیسکو کے مطابق شہر سمیت مختلف علاقوں میں بجلی چوری اور زیادہ لائن لاسز والے ٹرانسفارمرز کی نشاندہی کر کے وہاں سکیننگ میٹرز نصب کیے جا رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سکیننگ میٹرز کی مدد سے ٹرانسفارمر پر نصب تمام کنکشنز کے استعمال شدہ یونٹس کا موازنہ میٹر کی مجموعی ریڈنگ سے کیا جائے گا، جس سے بجلی چوری کی نشاندہی آسان ہو سکے گی۔
لیسکو کے مطابق اگر سکیننگ میٹر کی ریڈنگ کنکشنز کی مجموعی ریڈنگ سے زیادہ ہوئی تو بجلی چوری کا سراغ لگایا جا سکے گا، جبکہ اس نظام کے ذریعے ٹرانسفارمرز سے منسلک تمام کنکشنز کی مسلسل نگرانی بھی کی جائے گی۔