سٹی42: پاکستان ریلوے نے بوگیوں کی تیاری میں خود کفالت حاصل کرتے ہوئے ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ ریلوے کیرج فیکٹری میں بوگیوں کی مقامی سطح پر تیاری کا عمل کامیابی سے جاری ہے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق، پہلے مرحلے میں 8 عدد اے سی اسٹینڈرڈ بوگیوں کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔ یہ تمام بوگیاں جدید سہولیات سے آراستہ ہیں اور انہیں "پاک بزنس ایکسپریس" کے ریک میں شامل کیا جائے گا۔
"پاک بزنس ایکسپریس" کو اپ گریڈ کر کے دوبارہ 19 جولائی سے چلایا جائے گا، جس کا افتتاح وزیرِاعظم پاکستان خود کریں گے۔ اپ گریڈ شدہ ٹرین میں مقامی طور پر تیار کردہ 8 اے سی اسٹینڈرڈ بوگیاں شامل ہوں گی، جو نہ صرف مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کریں گی بلکہ ملک میں ریلوے انڈسٹری کی ترقی کی علامت بھی ہوں گی۔