اویس کیانی: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں یادگاری چوکی کے قریب فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی فائرنگ کی مذمت کی۔
تفصیلات کےمطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں یادگاری چوکی کے قریب فتنتہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے جام شہادت نوش کرنے والے 2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا، محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا جبکہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں، پولیس اہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔
خیبر پختونخوا پولیس دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے، کے پی کے پولیس کے جری جوانوں پر فخر ہے۔