(انور عباس)ترجمان امریکی سفارت خانہ کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے 21 جنوری سےپاکستان سمیت منتخب ممالک کے درخواست دہندگان کو امیگرنٹ ویزا کا اجراء معطل کر رہا ہے۔
اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے نے ایکس پر باضابطہ پیغام جاری کر دیا ہے ، پیغام میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے امریکی عوام کے تحفظ پر توجہ دی جا رہی ہے،اسی لئے ویزا درخواست گزاروں کی چھان بین اور جانچ پڑتال کے اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ 21 جنوری سے امریکی محکمہ خارجہ پاکستان سمیت منتخب ممالک کے درخواست دہندگان کو امیگرنٹ ویزا کا اجراء معطل کر رہا ہے۔

ایکس پر جاری کردہ پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ سیکریٹری روبیو نے یہ معطلی لاگو کر دی ہے، یہ معطلی لاگو رہے گی تاوقتیکہ ہم اس امر کو یقینی بنا سکیں کہ امریکی امیگریشن کے نئے درخواست گزار چھان بین کے مکمل عمل سے گزر چکے ہوں،اور یہ نئے درخواست گزار امریکی ویزا کے لیے اپنی اہلیت ثابت کر چکے ہوں، بشمول کہ وہ امریکی سرکاری معاونت پر انحصار نہیں کریں گے، یہ اقدام صرف امیگرنٹ ویزا کے اجراء پر لاگو ہوتا ہے،اس کا اطلاق نان امیگرنٹ ویزا کی درخواستوں پر نہیں ہوگا،سیاحوں، طالب علموں، کھلاڑیوں، ہنر مند کارکنان اور ان کے اہل خانہ کے لیے ویزا پر اس پالیسی کا اطلاق نہیں ہو گا۔