سٹی42: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے عالمی منڈیوں تک سہولت فراہم کرنے کے لیے انڈونیشیا کی قومی ایئرلائن 'گارودا' کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے اور گارودا کے درمیان کارگو اسپیشل پرو ریٹ ایگریمنٹ پر دستخط کیے گئے ہیں، جو جنوری 2026 سے نافذ العمل ہو کر جولائی 2027 تک برقرار رہے گا۔ اس معاہدے کے تحت پاکستانی ایکسپورٹرز اپنے کارگو کو جدہ اور کوالالمپور کے راستے جکارتہ اور دیگر بین الاقوامی شہروں تک پہنچا سکیں گے۔
مزید برآں، سڈنی، میلبورن، سنگاپور، ہانگ کانگ، بینکاک، شنگھائی، گوانگزو، سیول اور آسٹریلیا کی مارکیٹوں تک بھی پاکستانی مصنوعات کی رسائی ممکن ہوگی۔
معاہدے کے تحت برآمد کنندگان اور مال بردار ایجنٹس کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کارگو کی ترسیل اور مسابقتی نرخ بھی یقینی بنائے گئے ہیں، جس سے پاکستانی برآمدات میں تیزی اور سہولت آئے گی۔