(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ میں اعلیٰ عدلیہ کے ججز کیخلاف سوشل میڈیا پر مواد اَپ لوڈ کرنے کیخلاف کیس کی سماعت، عدالت نے ڈائریکٹر آپریشن سائبر کرائم ڈی آئی جی عبدالرب کی سربراہی میں تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مامون رشید شیخ نے درخواستوں پر سماعت کی، وفاقی حکومت اور پنجاب کی جانب سے لاء افسران پیش ہوئے، عدالت میں ایف آئی اے کا تفتیشی افسر اور درخواستگزاروں کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ سمیت دیگر وکلاء بھی پیش ہوئے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ابھی تک انکوائری مکمل کیوں نہیں ہوئی، ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ ابھی انکوائری کر رہے ہیں، تاہم فیس بک والے ان کی بات نہیں مانتے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ آئندہ سماعت پر ذمہ دار افسروں کو بلا لیتے ہیں، عدالتی حکم پر ڈائریکٹر آپریشن سائبر کرائم عبدالرب پیش ہوئے اور سوشل میڈیا پر اداروں کیخلاف مواد اپ لوڈ کرنیوالوں کیخلاف کی جانیوالی کارروائی بارے آگاہ کیا۔
عدالتی استفسار پر ڈائریکٹر سائبرکرائم عبدالرب نے بتایاکہ انہوں نے دو دن قبل چارج لیا ہے، چیف جسٹس نے ڈائریکٹر سائبر کرائم عبدالرب کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کا حکم دیا اور اس کمیٹی میں ڈائریکٹر پی ٹی اے اور نادرا افسران کو شامل کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، وزارت قانون سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران کو طلب کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔