(راؤ دلشاد) پنجاب اسمبلی اجلاس کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے ہسپتال میں زیر علاج تحریک انصاف کے رہنما مظہر عباس راں جان کی بازی ہا رگئے۔مرحوم کی نماز جنازہ کل صبح دس بجے ملتان میں ادا کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پنجاب اسمبلی اجلاس کے دوران ایم پی اے مظہر عباس راں کو دل کا دورہ پڑنے پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ آج خالق حقیقی سے جاملے۔ملک مظہر عباس راں کے بھائی ملک ممتاز عباس راں اور بیٹوں ملک عاطف مظہر راں اور ملک نعیم مظہر راں نے میت وصول کی۔ اس موقع پر تحریک انصاف کےارکان اسمبلی ڈاکٹراخترملک،میاں طارق عبداللہ، ملک سلیم بھی موجودتھے۔مرحوم ملک مظہر عباس راں کی نماز جنازہ کل صبح دس بجے قادر پور راں ملتان میں ادا کی جائے گی۔
مظہر عباس راں پی ٹی آئی کے رہنما، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے حلقہ سے ایم پی اے منتخب ہوئے تھے، انہوں نے حالیہ عام انتخابات میں حلقہ پی پی 218سے کامیابی حاصل کی تھی، اس سے قبل بھی وہ ایم پی اے رہے، ان کے اچانک انتقال پر صوبائی اسمبلی کا اجلاس کل تک ملتوی کردیا گیا ہے۔