سٹی 42 : پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شپ بلاول بھٹو کے قریب ہے، سال دو سال میں بلاول بھٹو وزیر اعظم بن جائیں گے۔
ضلع اٹک کی تحصیل پنڈی گھیپ میں عوام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر خان نے کہا پیپلز پارٹی سے بہتر کوئی جماعت نہیں ،پیپلز پارٹی کے علاوہ دوسری جماعتوں کی لیڈر شپ میں وزراء سمیت اراکین اسمبلی سے ہاتھ ملاتے وقت فرعونیت کی جھلک نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بلاول بھٹو وزیر اعظم بنیں گے تب زیادہ فنڈز اٹک میں استعمال کریں گے، اٹک کے عوام ترقیاتی کاموں سے محروم ہیں۔ جہاں عوام کے حقوق اور ایشوز کی بات ہوگی، عوام کے ساتھ کھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا۔
سردار سلیم حیدر نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، پاک فوج اور دیگر سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف شہادتیں دے رہیں ہیں، پیپلزپارٹی اور پاکستانی عوام انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا ک ہر طرف سے یہی کوشش ہے کہ پاکستان واحد ایٹمی پاور ہے اسے ختم ہونا چاہئے اگر یہ قائم ہے تو پاکستان کی مضبوط فوج کی وجہ سے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اٹک کے جوانوں نے فوج میں شامل ہو کر ملک کی خدمت کی اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔دو چار سڑکیں اور فنڈ کی منتیں کرنے کا عادی نہیں۔