وقاص احمد: لاہور میں ٹریفک پولیس نے گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس کی چیکنگ کے لیے داخلی راستوں پر ناکے لگا دیے ہیں تاکہ شہر میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی فٹنس کو یقینی بنایا جا سکے۔
پولیس کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 121 کمرشل گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر چالان کیے گئے جبکہ 500 سے زائد گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔ ڈی آئی جی ٹریفک لاہور نے گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ چیک کرنے کے لیے ناکہ بندی کا حکم دیا تھا۔
ٹریفک پولیس نے بتایا کہ فٹنس سرٹیفکیٹ نہ ہونے کی صورت میں نہ صرف چالان کیا جائے گا بلکہ گاڑی کا شہر میں داخلہ بھی روک دیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ کی حالت کو یقینی بنائیں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔