(وقار گھمن) سمن آباد میں متحدہ علماء کونسل کا اہم اجلاس ہوا،ملک میں قیام امن اور فرقہ واریت کے خاتمہ کیلئے علماء کرام نےمشترکہ جدوجہد کا اعلان کیا، متحدہ علماء کونسل کی تشکیل نو کے لئے 16 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق جامعہ مسجد کبری سمن آبا میں ہونیوالے اجلاس کی صدارت مولانا عبدالروف ملک نےکی،اجلاس میں ایم این اے مولانا عبدالمالک خان ،مولانا عبدالغفار روپڑی ،مولانا عبدالروف فاروقی ، پیر غلام رسول اویسی،مفتی شبیر انجم ،مولانامحمد عاصم مخدوم ،سید محمود غزنوی ،ڈاکٹر طارق شریف زادہ ،الحاج محمد شفیق بٹ ، حافظ نعمان حامد،پیر اعجاز اشرفی ،علامہ اصغرعارف چشتی، ڈاکٹر فیاض رانجھا سمیت دیگر علماء کرام شریک ہوئے۔
اجلاس میں مسلکی بنیادوں سے ہٹ کر فرقہ واریت کے خاتمہ اور قیام امن کیلئے کام کرنے پر اتفاق کیا گیا،علمائے کرام کا کہنا تھا کہ منبر و محراب کی زینت بننے والے موثر طریقے سے امن اور بھائی چارے کا پیغام پھیلا سکتے ہیں، جبکہ کونسل کی تشکیل نو کیلئے سولہ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جو جلد مشاورت کے بعد نئی باڈی کا اعلان کرے گی, نئی باڈی میں تمام جماعتوں کو نمائندگی دی جائے گی اور یہ کمیٹی ملک میں قیام امن اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے مختلف اقدامات کرے گی۔
ذرائع کا کہناتھا کہ متحدہ علماء کونسل کی جانب سے ملک میں قیام امن اور فرقہ واریت کے خاتمہ کیلئےمشترکہ جدوجہد کا اعلان بھی کیا گیا۔