ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

حکومت نے لاہور کے 512 منصوبوں کے فنڈز روک لیے

حکومت نے لاہور کے 512 منصوبوں کے فنڈز روک لیے
کیپشن: City42 - Funds
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (علی رامے) شہر میں بڑے چھوٹے اور نئے پرانے 512 منصوبوں پر 11 ارب 80 کروڑ روپے کے فنڈز روک لیے گئے، موجودہ حکومت نے لیگی دور حکومت کے شروع کیے گئے تمام شعبوں کے 40 ارب کے متعدد منصوبوں پر بھی فنڈز سسکیوں میں جاری کیے، حکومتی اداروں کی کارگردگی رپورٹ میں افسروں نے محکمہ خزانہ کی جانب سے فنڈز کا اجرا نہ کرنے کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ سابق دورسے موجودہ حکومت کے دور تک شہر میں نئے پرانے 512 منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں 100سے زائد منصوبے نئے ہیں۔

ذرائع سے موصول ہونے والی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ حکومت شہر کا 11ارب 80 کروڑ کا بجٹ روک چکی ہے جس کی وجہ پنجاب میں ڈویلپمنٹ کے نام پر کم بجٹ مختص کرنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق شہر کے سرکاری سکولوں میں سہولیات کی فراہمی اور دیگر 71سکیموں کیلئے 66 کروڑ 59 لاکھ، ہائر ایجوکیشن کی6سکیموں کیلئے 32 کروڑ، سپیشل ایجوکیشن کے7 منصوبوں کیلئے9کروڑ ،کھیل اور امور نوجوانان کے24 منصوبوں کیلئے ایک ارب 14کروڑ،ہسپتالوں کی بحالی ،تعمیر نو اور اپ گریڈیشن کے 26 منصوبوں کیلئے ایک ارب45 کروڑ، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے میگا11منصوبوں کیلئے 2 ارب57 کروڑ،شہر میں واٹر سپلائی ،سیوریج اور اربن ڈویلپمنٹ کے150 سے زائد منصوبوں کیلئے 38 کروڑ، ویمن ڈویلپمنٹ کیلئے 4 کروڑ، ویلفیئر کے 16 منصوبوں کیلئے3 کروڑ  جاری نہیں کیے گئے۔

اسی طرح لوکل گورنمنٹ کے 16 جاری منصوبوں کیلئے 22 کروڑ ،روڈ سیکٹر کے میگا 19 منصوبوں کیلئے 30 کروڑ ، آبپاشی کے 4 منصوبوں کیلئے 7 کروڑ 61 لاکھ، توانائی کے 3 منصوبوں کیلئے 4 کروڑ 60لاکھ، پبلک بلڈنگ کے 111 منصوبوں کیلئے 2 ارب 30 کروڑ، اربن ڈویلپمنٹ کے 55 منصوبوں کیلئے ایک ارب 85 کروڑ، محکمہ لائیوسٹاک کے جاری مختلف منصوبوں کیلئے 26 کروڑ، انڈسٹری اینڈ کامرس کیلئے 43 کروڑ، شعبہ آئی میں شہریوں کی سہولیات کیلئے ایک ارب 91 کروڑ، ایمرجنسی سروسز اور ریسکیو کیلئے 14 کروڑ روپے جبکہ محکمہ ماحولیات کے شہر میں 5منصوبوں کیلئے 18 کروڑ، محکمہ تعلقات عامہ کے جاری منصوبوں کیلئے 9 کروڑ 40 لاکھ، آثار قدیمہ کے تحفظ کے 10 منصوبوں کیلئے 8 کروڑ 64 لاکھ روپے جاری نہ کیے گئے۔

حکومت پنجاب نے لاہور میں جاری اور نئے شروع ہونے والے منصوبوں پر کوڑیوں میں فنڈز کا اجرا کیا۔ شہر کے 512 جاری اور نئے منصوبوں کیلئے 4 کھرب 98 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔

محکمہ خزانہ پنجاب کے حکام کا کہنا ہے کہ لاہور شہر کے منصوبوں کیلئے دیگر اضلاع کی طرح فنڈنگ جاری ہے اورپنجاب حکومت تیز اور سست رفتار منصوبوں کیلئے فنڈز کے اجرا کا تعین محکموں کی مشاورت کے بعد کرتی ہے۔شہر کے منصوبوں کیلئے اب تک پنجاب حکومت 30 ارب روپے سے زائد کا اجرا کرچکی ہے اور پنجاب میں رواں سال بجٹ کم مختص کیا ہے جس کے باعث بجٹ کے اجرا میں کچھ مشکلات ہیں۔

Sughra Afzal

Content Writer