ویب ڈیسک: وسطی میکسیکو میں ایک چھوٹا نجی طیارہ ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہو گئے۔
حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ سان ماتیو آٹینکو کے صنعتی علاقے میں پیش آیا، جو ٹولوکا ایئرپورٹ سے تقریباً پانچ کلومیٹر اور میکسیکو سٹی سے پچاس کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔ طیارہ بحرالکاہل کے ساحلی شہر آکاپولکو سے روانہ ہوا تھا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارہ ایک فٹ بال گراؤنڈ پر ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کر رہا تھا کہ اس دوران ایک ویئر ہاؤس کی چھت سے ٹکرا گیا، جس کے باعث شدید آگ بھڑک اٹھی۔ آگ کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر قریبی علاقے سے تقریباً 130 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
حادثے کے دوران طیارے کے گرنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر سامنے آ چکی ہے، جس میں حادثے کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ نجی طیارے میں 8 مسافر اور عملے کے 2 افراد سوار تھے تاحال حادثے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔