( سعود بٹ ) نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں فیکٹری مزدور بھی شامل، پنجاب حکومت نے مزدوروں کے لئے دو رہائشی کالونیاں بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر لیبر انصر مجید خان کی زیرصدارت اجلاس میں مزدوروں کو رہائشی سہولیات کے فراہمی سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔ سیکرٹری لیبر احمد جاوید قاضی، سیکرٹری پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ میاں جمیل احمد، ڈائریکٹر ورکس شبیر حسین، ایڈیشنل سیکرٹری ماجد اقبال، صدر پنجاب بینک ظفرمحمود اور گروپ ہیڈ پنجاب بینک آصف ریاض اجلاس میں شریک ہوئے۔
بینک آف پنجاب کی جانب سے کالونی کی تعمیر کیلئے فنڈز کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انصر مجید نے کہا کہ ضلع جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں نمک کی کان میں کام کرنے والے مزدوروں کے لئے کالونی بنائی جائے گی۔ پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ نے تین سو چالیس کنال اراضی رہائشی کالونی کے لیے مختص کر دی۔
راولپنڈی کی تحصیل ٹیکسلا میں 273 کنال پر رہائشی کالونی بنانے جائے گی، جس میں 576 فلیٹ، لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے علیحدہ علیحدہ سکول، مسجد اور کمیونٹی سنٹرز تعمیر کیے جائیں گے۔ انصر مجید نے مزید کہا کہ لیبر کالونی ٹیکسلا پر دو ارب 75 کروڑ اٹھانوے لاکھ لاگت آئے گی۔