قیصر کھوکھر: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ اعلان لاہور کرنے والوں سے عوام اعلان لا تعلقی کر چکے ہیں۔کاش اعلان لاہور کرنے والے پہلے کرپٹ قیادت سے علیحدگی کا اعلان کرتے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں کرپٹ سیاستدانوں کے لئے کوئی گنجائش نہیں، پی ڈی ایم کو مینار پاکستان کے سائے تلے عوام کی جانب سے مسترد کرنے کا اعلان ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے، کرپٹ عناصر اعلان لاہور کے نام سے عوام کو ایک بار پھر دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ کورونا پھیلا کر عوام کی زندگیوں سے کھیلنے والے مسترد شدہ عناصر کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں، پی ڈی ایم کی قیادت کے اترے چہروں سے مایوسی عیاں ہے۔
یاد رہے کہ جاتی امراء رائے ونڈ میں منعقدہ پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کے بعد اعلان لاہور کا اعلامیہ جاری کیا گیا تھا۔اعلامیہ کے متن میں کہا گیا تھا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ میں شامل سیاسی جماعتیں پاکستان کی اسلامی،وفاقی اورپارلیمانی آئین پر یقین رکھتی ہیں۔
انہوں نے 13دسمبر کواسی تاریخی میدان میں جہاں 23مارچ1940 کومسلمانان جنوبی ایشیاء نے قائد اعظم کی قیادت میں اپنے لئے آزاد ریاست کا خواب دیکھا تھا، پاکستان کے عوا م سے عہد کیا ہے کہ وہ اس تاریخ ساز خواب کو شرمندہ تعبیر کرنےکیلئے مل کرجدوجہد کریں گی، 2018ء کے انتخابات میں بد ترین دھاندلی کے ذریعے عوام سےمینڈیٹ چراکر ان پرایک نااہل حکومت کو مسلط کیا گیا۔