ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا لاہور میں دھرنا، حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کی کمیٹی مسترد کردی

پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا لاہور میں دھرنا، حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کی کمیٹی مسترد کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: مال روڈ فیصل چوک پر جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاجی دھرنا جاری ہے، جس میں جماعت اسلامی کے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے بھی دھرنے میں شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے حکومت کو پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔

دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب جاوید قصوری نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے نام پر سرکاری بھتہ بند کرنا پڑے گا۔ اربوں روپے کا طیارہ خریدا گیا، یہ پیسہ عوام کا ہے، حکمرانوں کو اپنی عیاشیاں بند کرنا ہوں گی۔

جاوید قصوری نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا خاندان 40 سال سے ملک پر قابض ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جماعت اسلامی کے کارکن اپنے امیر کو بتانا چاہتے ہیں کہ وہ دھرنے میں جانے کے لیے نہیں آئے بلکہ مطالبات کی منظوری تک موجود رہیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی پورے پاکستان کے عوام کی ترجمان ہے۔ کراچی کے گورنر ہاؤس کے باہر بھی بڑی تعداد میں لوگ موجود ہیں جبکہ پشاور میں بھی تاریخی دھرنا شروع ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پوری قوت کے ساتھ فیصل چوک پر لوگ موجود ہیں، جبکہ پاکستان کے عوام اس وقت شدید مشکلات کا شکار ہیں اور دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہوگیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام پر روزانہ پٹرول کی قیمت کا بم گرایا جاتا ہے، جبکہ پیٹرولیم لیوی میں اضافے کی کوئی جائز وجہ نہیں۔ ن لیگ کے جاگیردار اپنی جاگیروں پر ٹیکس نہیں دیتے اور نوجوانوں سے ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جاگیردار اقتدار میں آکر نظام کو لوٹتے ہیں اور حکمران اپنی مراعات چھوڑنے کے لیے تیار نہیں۔ عوام پر ایک ٹولہ مسلط کیا گیا ہے جو اپنی مراعات کا تحفظ کرتا ہے۔

انہوں نے حکومت کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بات صرف ایک ہی ہوگی اور وہ پٹرول کی قیمت میں کمی کی ہوگی۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کا دھرنا پورے پاکستان میں بھرپور طریقے سے جاری رہے گا اور نوجوان بتائیں گے کہ جدوجہد کیسے کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کمیٹی قبول نہیں، لیوی اور دیگر ٹیکس ختم کیے جائیں۔ جماعت اسلامی مطالبات کی منظوری تک اپنی احتجاجی تحریک جاری رکھے گی۔