علی رامے: پنجاب کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ، مختلف مقامات پر نچلے اور درمیانے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ تربیلا اور تونسہ بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 68 ہزار کیوسک ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ دریائے جہلم اور دریائے چناب کے اہم مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ نالہ پلکھو کینٹ اور نالہ بسنتر میں نچلے درجے کا سیلاب جاری ہے جبکہ دریائے راوی کے اہم مقامات پر بھی بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق تربیلا ڈیم 98 فیصد اور منگلا ڈیم 68 فیصد بھر چکے ہیں۔ تربیلا ڈیم کا موجودہ لیول 1547.94 فٹ جبکہ منگلا ڈیم کا لیول 1211.15 فٹ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ہنگامی انخلاء کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔ شہریوں کو دریاؤں، نہروں، ندی نالوں اور تالابوں میں نہانے سے بھی سختی سے منع کیا گیا ہے۔