ویب ڈیسک: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شناختی کارڈ بنوانے والے شہریوں کے لیے بڑی سہولت فراہم کر دی، جس سے شہریوں کی مشکلات میں واضح کمی آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی نادرا سندھ عامر علی خان نے کراچی کے عوامی مرکز میں نئے نادرا سینٹر کا افتتاح کیا، جہاں شہریوں کو مزید بہتر اور تیز رفتار خدمات فراہم کی جائیں گی۔
ڈی جی نادرا کے مطابق کراچی میں مزید دو نئے نادرا میگا سینٹرز قائم کیے جائیں گے جبکہ میگا سینٹرز کے باہر موجود 'مددگار' اسٹیشنز کو ایگزیکٹو کیٹیگری میں شامل کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو زیادہ سہولت میسر ہو۔
عامر علی خان نے عوام کو ہدایت کی کہ وہ نادرا کی نئی موبائل ایپ ’پاک آئی ڈی‘ انسٹال کریں، جس کے ذریعے شناختی دستاویزات کی تجدید, بائیومیٹرک تصدیق اور نادرا سے متعلق دیگر تمام سہولیات گھر بیٹھے حاصل کی جا سکتی ہیں۔
نادرا حکام کے مطابق اس اقدام سے لاکھوں شہریوں کو فائدہ ہوگا، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں نادرا دفاتر تک براہِ راست رسائی محدود ہے۔