(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ میں ریور راوی فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے متعلق درخواستوں پر سماعت، عدالت نے پنجاب حکومت کو منصوبے کیلئے اراضی ایکوائر کرنے سے روک دیا، حکومت کو روڈا کی ماحولیاتی رپورٹ پر حتمی فیصلے سے روکنے کے حکم میں بھی توسیع کر دی گئی۔
جسٹس عابد حسین چٹھہ نے ریور راوی فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے متعلق درخواستوں پر سماعت کی، درخواستگزاروں کی جانب سے رافع عالم سمیت دیگر وکلاء پیش ہوئے، وفاقی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصراحمد نے آگاہ کیا کہ ہائیکورٹ نے روڈا کیخلاف دائر دو درخواستوں میں حکم امتناعی جاری کر رکھا ہے، جس وجہ سے کام رکا ہوا ہے، اس کیس میں سڑکوں میں حکم امتناعی نہیں، وہاں تعمیرات کی اجازت دے دیں۔
جسٹس عابد حسین چٹھہ نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے کہا کہ اگر حکم امتناعی نہیں تو آپ عدالت کیا لینے آئے ہیں، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا وہاں پتہ بھی ہلتا ہے تو یہ توہین عدالت کی درخواست دائر کر دیتے ہیں۔
درخواست گزاروں کے وکیل نے کہا کہ وفاقی حکومت کی متفرق درخواست پر ہمارا کیس متاثر ہوگا۔ استدعا ہے وفاقی حکومت کی درخواست مسترد کردی جائے۔ وکیل نے بتایا کہ اس کیس میں پہلے سے سننے والی عدالت نے سماعت چودہ ستمبر تک ملتوی کررکھی ہے, استدعا ہے اس کیس کو متعلقہ بنچ کو بھجوا دیں۔
عدالت نے روڈا کی سڑکیں بنانے کیلئے دائر متفرق درخواست پر اجازت دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دئیے۔ جسٹس عابد حسین چٹھہ نے کیس متعلقہ عدالت کو بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔