افشاں رضوان :لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسم نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے، کہیں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے تو کہیں بارش کی پیشگوئی کے باعث موسم خوشگوار ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
لاہور میں سورج کی تپش کے باعث درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں بارش کے صرف 10 فیصد امکانات ہیں، تاہم 16 سے 18 اپریل کے دوران بارش متوقع ہے۔
ہوا کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ نمی کا تناسب 30 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر ہے، جہاں مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 194 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ برکی روڈ پر 246، سی آئی پی آر آفس پر 218 اور گلبرگ 3 میں 195 ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب کراچی میں مطلع صاف ہے اور تیز دھوپ کے ساتھ موسم مرطوب محسوس کیا جا رہا ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ ہوا میں نمی کا تناسب 73 فیصد ہے اور ہوائیں مغرب سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ فضائی معیار تسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔
ادھر اسلام آباد اور خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آج سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسلام آباد میں درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ ہوائیں 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 2 سے 3 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔