سٹی42: لیسکو سید پور سب ڈویژن کی ریکوری ٹیم پر نادہندہ صارفین نے حملہ کرکے لائن مین عدنان کو چھری مار کر شدید زخمی کر دیا گیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب عدنان واجبات کی ریکوری کے لیے صابر ہوٹل پہنچا۔
تفصیلات کے مطابق ایکسئین سمن آباد زبیر سرور کے مطابق صابر ہوٹل پر 70 ہزار روپے سے زائد کا بل واجب الادا تھا۔ عدنان جب بل کی وصولی کے لیے ہوٹل گیا تو ہوٹل کی انتظامیہ نے تلخ کلامی کے بعد حملہ کر دیا اور ایک ملازم نے عدنان کو چھری مار دی۔
زخمی لائن مین کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں سے میڈیکل رپورٹ حاصل کر لی گئی ہے۔
ایکسئین زبیر سرور کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے گا اور واقعے کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔