سٹی 42 : پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور پہنچ گئیں، جہاں اُنہوں نے سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو امدادی رقوم کے چیک پیش کئے ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے سیلاب سے متاثر علی پورشہر کا دورہ کیا۔ مریم نواز گورنمنٹ ہائی سکول علی پور میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ بھی گئیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو امدادی رقوم کے چیک پیش کئے ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے سیلاب متاثرین سے بات چیت کی، سیلاب متاثرہ خواتین کو دلاسہ دیا اور نقصانات کے ازالے کی یقین دہانی کرائی۔ مریم نواز نے دیگ سے خود سالن ڈال کر سیلاب متاثرین کو پیش کیا، وہ خود جاکر ہر خاتون اور بچوں کو کھانا پیش کرتی رہیں ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سیلاب متاثرہ خواتین کے ساتھ بیٹھ کر کھانا بھی کھایا۔ اس موقع پر ننھی بچیاں وزیراعلی مریم نواز شریف سے لپٹ گئیں اور پیار کیا ۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے فلڈ ریلیف کیمپ میں کمسن بچی کی خواہش پر کرکٹ کھیلی، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بال کرائی اور ہٹ کرنے پر بچی کو داد دی۔ انہوں نے فلڈر یلیف کیمپ کے عارضی کلاس روم میں میں بچوں سے ہلکے پھلکے انداز گپ شپ کی، اس موقع پر مریم نواز نے بچوں سے پڑھائی کے بارے میں پوچھا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے سیلاب متاثرین سے فلڈ ریلیف کیمپ میں میسر سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ اس کے علاوہ مریم نواز نے سیلاب متاثرین خاندانوں کو تحائف بھی پیش کئے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے امدادی سرگرمیوں میں معاونت پر پاک نیوی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ اور ڈی جی پی ڈی ایم اے نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو بریفنگ دی، بتایا کہ سیلاب سے ضلع مظفر گڑھ کے 147 موضع،3 لاکھ 94ہزار سے زائد آبادی متاثر ہوئی۔ سیلاب سے زیادہ متاثرہونے والی تحصیل علی پور کے 26 موضع زیر آب آئے۔ سیلاب متاثرین کے لئے 37 فلڈ ریلیف کیمپ اور 8 ٹینٹ سٹی قائم کیے گئے ہیں۔ فلڈ ریلیف کیمپوں میں متاثرین کو کھانا، میڈیسن اور دیگرسہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔