عظمت مجید،درنایاب: نگراں وزیراعلیٰ سیدمحسن نقوی نے سیکرٹری ہیلتھ اور منسٹر ہیلتھ سے درخواست کی ہے نرسز کی تعداد بڑھائیں، انہوں نے کہا، نرسز کی تعداد ایک لاکھ تک لے کر جانا میری خواہش ہے۔2900 نرسوں کو ایک سال میں ٹریننگ دی جائے گی۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی نرسوں کو سپورٹ کریں گے اگر وہ باہر جانا چاہتی ہیں تاکہ وہ دوسرے ملکوں میں جا کر پاکستان کا نام روشن کریں۔ نرسوں کے باہر جانے میں حائل تمام رکاوٹیں دور کرادیں۔ محسن نقوی نے ایک سرکاری اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ میں نے پوچھا کہ کتنی نرسز کو باہر بھیجا جارہا ہے پتہ چلا کہ نرسز کو باہر نہیں بھیجا جاتا، ہم نے این او سی دیا جس کے تحت اب نرسز باہر جارہی ہیں۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نےانڈس ہسپتال ملتان میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستانی کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ پی کے ایل آئی میں بھی نرسز کالج کا آغاز کر رہے ہیں۔ نرسز کے ہاسٹل کے حالات کافی خراب ہیں ، مجھے امید ہے 3 ماہ میں آپ کے ہاسٹل بہتر ہوجائیں گے۔ ہماری نرسز کی ڈیمانڈ پوری دنیا میں ہے۔ نگراں وزیراعلیٰ نے نرسوں کو مشورہ دیا کہ وہ عربی اور انگلش لازمی سکھیں ،اس سے بیرون ملک آپ کو فائدہ ہوگا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سیکرٹری ہیلتھ اور منسٹر ہیلتھ سے درخواست ہے نرسز کی تعداد بڑھائیں۔ نرسز کی تعداد ایک لاکھ تک لے کر جانا میری خواہش ہے۔
فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف مدر اینڈ چائلڈ، گنگا رام ہسپتال کا دورہ
نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نےفاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف مدر اینڈ چائلڈاور گنگا رام ہسپتال کا اڑھائی گھنٹے تک طویل دورہ کیا،وزیراعلی محسن نقوی مریضوں اورتیمارداروں کی شکایات اور نئی عمارت میں نقائص دیکھ کر شدید برہم ہوگئے،ایم ایس ہسپتال،پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ایکسین کی سرزنش کی گئی،تینوں کو سخت وارننگ دی۔
فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف مدر اینڈ چائلڈکی ایمرجنسی،وارڈز سمیت 8فلور اور2بیسمنٹ کا معائنہ کیا، ایک ایک فلور پر گئے اور فنشنگ کے کاموں کاجائزہ لیا۔