سٹی 42 : ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل گوادر نے کارروائی کے دوران بلوچستان کے ساحل سے غیر قانونی طور پر سمندر کے راستے بیرون ملک جانے میں ملوث 13 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل گوادر نے کارروائی کے دوران سمندر کے راستے غیر قانونی طور پر ایران جانے والے 13 ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق پنجاب اور سندھ کے مختلف اضلاع سے ہے جبکہ گرفتار ملزمان میں 2 کا تعلق رحیم یار خان سے ہے۔حکام نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں 5 کا تعلق قمبرشہداد کوٹ جبکہ 6 کا تعلق کشمور، لاڑکانہ اور شانگلہ سے ہے، تمام ملزمان کو جیوانی سے گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان غیر قانونی طور پر سمندر کے راستے پاکستان سے ایران جا رہے تھے، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے ایران سے غیر قانونی طور پر دیگر ممالک جانا تھا۔ ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی بارڈر پار کرنے می ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔