(جنید ریاض) سموگ سے سب سے زیادہ بچوں کے متاثر ہونے کا خدشہ، پنجاب حکومت کے 2 روزہ چھٹی کے احکامات پرائیویٹ سکولوں نے ہوا میں اڑا دیئے۔
سموگ کی حالیہ لہر کے پیش نظر حکومت کیجانب سے شہر بھر کے سرکاری و نجی سکول جمعہ اور ہفتے کو بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا، لیکن نجی سکولوں نے حکومتی احکامات نہ مانے، بچوں کی صحت داؤ پر لگاتے ہوئے جمعہ کے روز سکولز کھلے رکھے، والدین کا کہنا ہے کہ نجی سکول انتظامیہ کیجانب سے حکومتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔
حکومتی احکامات کے باوجود امریکن لائسٹف، عظیم کیڈٹ سکول، لاہور گرائمر سکول، دی ارقم سکول اور الحمد سکول کی برانچز کھلی رہیں، دوسری جانب کچھ شہریوں نے حکومتی فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فیصلے سے بچوں کا تعلیمی نقصان ہورہا ہے۔
سکول ایجوکیشن حکام کا کہنا ہے کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے سکولوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، متعلقہ سکولوں کو شوکاز جاری کیے جائیں گے اور ذاتی شنوائی کے بعد انتظامیہ کیخلاف قانونی کارروائی ہوگی۔