(ملک اشرف) وزیر اعظم عمران خان کی نا اہلی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست لائیرز فاؤنڈیشن فار جسٹس کی جانب سے دائر کی گئی۔
درخواست میں وفاقی حکومت اور وزیر اعظم عمران خان کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ نواز شریف کے دور حکومت میں عمران خان نے سول نافرمانی کے لیے لوگوں کو اکسایا ہے۔ عمران خان نے شہریوں کو ٹیکس نہ دینے اور بیرون ممالک سے رقوم نہ بھیجنے کی تقاریر کیں۔ عمران خان نے حامیوں سمیت پارلیمنٹ کی بلڈنگ پر دھاوا بولا اور اور گیٹ توڑے۔ عمران خان نے ملکی سالمیت کےخلاف اقدامات اور ملکی سیاسی نظام کو تباہ کرنے کی کوشش کی۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت وزیر اعظم عمران خان کو آرٹیکل 62 ون جی کے تحت نا اہل کرنے اور عمران خان کے خلاف 124 اے کے تحت کارروائی کا حکم دے۔