ویب ڈیسک: مشرقِ وسطیٰ میں توانائی کے شعبے میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں متحدہ عرب امارات نے فجیرہ بندرگاہ کے ذریعے تیل کی برآمدات کو دگنا کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے، جس کے لیے ابو ظبی سے فجیرہ تک نئی آئل پائپ لائن کی تعمیر پر کام تیز کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کو امید ہے کہ یہ نیا پائپ لائن منصوبہ 2027 تک مکمل ہو جائے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل کے لیے ولی عہد خالد بن محمد بن زید النہیان نے حکام کو کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئی پائپ لائن آبنائے ہرمز کو بائی پاس کرنے میں مدد دے گی، جو عالمی تیل ترسیل کے لیے ایک حساس اور اہم گزرگاہ سمجھی جاتی ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف برآمدی عمل مزید محفوظ ہوگا بلکہ کسی بھی جغرافیائی کشیدگی کے اثرات کو بھی کم کیا جا سکے گا۔
ابوظبی حکام کے مطابق موجودہ فجیرہ پائپ لائن روزانہ 18 لاکھ بیرل خام تیل سپلائی کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جبکہ نئی توسیع کے بعد متحدہ عرب امارات کی برآمدی گنجائش میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔