سٹی42: پنجاب کابینہ میں توسیع کا معاملہ، مسلم لیگ (ن) کی اتحادی جماعتوں کو شامل کرنے کی حکمت عملی، پنجاب کابینہ میں تمام اتحادی جماعتوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے پیپلز پارٹی کو بھی کابینہ کا حصہ بنانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
پنجاب کابینہ کی توسیع کیلئےنئے وزراء کے ناموں کی فہرست مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے پاس موجود ہے۔ تاہم، فی الحال پنجاب کابینہ کی توسیع کو مؤخر کر دیا گیا ہے، کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ بات چیت مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔
سٹی42 کے رپورٹر راؤ دلشاد کے مطابق صوبائی وزیر نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ مذاکرات میں پیپلز پارٹی کی کابینہ میں شمولیت کا امکان مزید بڑھ گیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے کابینہ میں شمولیت کیلئے مشروط آمادگی ظاہر کی ہے اور تین وزارتوں کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) دو وزارتیں دینے پر آمادہ ہے۔
پیپلز پارٹی کی پنجاب کابینہ میں شمولیت کا حتمی فیصلہ چیئرمین بلاول بھٹو کی منظوری سے مشروط ہے۔ اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان بیک ڈور مذاکرات جاری ہیں۔