سٹی 42 : پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر میں آندھی بارشوں اور ژالہ باری بارے الرٹ جاری کردیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 16 سے 20 جون تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بارش کا امکان ہے۔ فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، خوشاب، سرگودھا، بھکر، لیہ، میانوالی، بہاولپور ڈویژن، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، راجن پور، رحیم یار خان اور کوٹ ادو میں بھی بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ اس کے علاوہ لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پاکپتن، ننکانہ صاحب، چنیوٹ اور گردونواح میں بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ آسمانی بجلی سے بچاو کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔ آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے مقامات تلے ہرگز نہ جائیں۔ گردوغبار اور تیز آندھی کے پیش نظر محفوظ مقامات پر رہیں۔ کسان اپنی تمام تر پیشگی اقدامات موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاح شمالی علاقہ جات کے سفر میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔