عمران یونس:پنجاب بھر کے کالجز میں تعینات اساتذہ کے ہارڈشپ بنیادوں پر تبادلوں کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ مختلف وجوہات، بالخصوص صحت اور خاندانی مسائل کی بنیاد پر درخواستوں پر اساتذہ کے تبادلے کیے گئے۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مطابق یہ تبادلے لاہور سمیت صوبہ بھر کے کالجز سے کیے گئے ہیں، جن میں مجموعی طور پر 434 لیکچرارز اور اسسٹنٹ پروفیسرز شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تبادلہ پانے والوں میں 167 مرد اساتذہ اور 267 خواتین اساتذہ شامل ہیں۔ یہ تمام تبادلے متعلقہ اساتذہ کی درخواستوں پر ہارڈشپ، صحت کے مسائل اور فیملی وجوہات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے گئے۔
محکمہ کے مطابق وزیر تعلیم کی منظوری کے بعد تمام تبادلوں کے باقاعدہ نوٹیفکیشنز جاری کر دیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد اساتذہ کو درپیش ذاتی و خاندانی مسائل میں سہولت فراہم کرنا اور تدریسی نظام کو بہتر انداز میں چلانا ہے۔