ملک اشرف : آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر آج اپنی سرکاری ملازمت مکمل کرنے کے بعد ریٹائر ہو جائیں گے۔ ریٹائرمنٹ کے آخری روز انہوں نے لاہور ہائیکورٹ کا دورہ کیا اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم سے الوداعی ملاقات کی،چیف جسٹس عالیہ نیلم نے میاں فاروق نذیر کی دورانِ ملازمت خدمات کو سراہا.
ذرائع کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس کے دوران چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں میاں فاروق نذیر کی جیل خانہ جات کے شعبے میں انجام دی جانے والی خدمات، انتظامی امور اور جیل اصلاحات کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے میاں فاروق نذیر کی دورانِ ملازمت خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو احسن انداز میں انجام دیا اور محکمہ جیل خانہ جات میں مختلف اصلاحاتی اقدامات کے ذریعے ادارے کی بہتری میں اہم کردار ادا کیا۔ چیف جسٹس نے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔میاں فاروق نذیر نے چیف جسٹس عالیہ نیلم کی جانب سے اظہارِ تحسین اور نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران ہمیشہ قانون اور قواعد و ضوابط کے مطابق فرائض انجام دینے کی کوشش کی۔ذرائع کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں میاں فاروق نذیر کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر مختلف عدالتی اور انتظامی شخصیات کی جانب سے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ سرکاری اور عدالتی حلقوں میں ان کی طویل اور کامیاب سرکاری خدمات کو سراہا جا رہا ہے۔
میاں فاروق نذیر نے محکمہ جیل خانہ جات میں مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں اور بطور آئی جی جیل خانہ جات پنجاب اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے قیدیوں کی فلاح، جیل انتظامیہ کی استعداد کار میں بہتری اور اصلاحاتی اقدامات کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کیا۔