ثمرہ فاطمہ: محکمہ موسمیات نے شمال مشرقی پنجاب کے مختلف علاقوں میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش بھی ہو سکتی ہے۔
موسمیاتی حکام کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث گرمی کی شدت میں عارضی کمی آنے کا امکان ہے، تاہم شہریوں کو کھلے مقامات اور غیر محفوظ مقامات پر احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 اور کم سے کم 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 47 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آٹھ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ دوسری جانب افق پر سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی نے موسم کو نسبتاً خوشگوار بنا دیا ہے۔
دوسری جانب ساہیوال، پتوکی اور گردونواح میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
ساہیوال شہر، نورشاہ، ہڑپہ اور دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، بارش کے باعث متعدد بجلی فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔