ویب ڈیسک : پنجاب حکومت کی جانب سے صنعتی اور مائنز ورکروں کے بچوں کو مفت تعلیم دینے کیلئے شاندار اقدام کیا گیا ہے۔
شاندار اقدام کے تحت کارکنوں کے بچوں کو کامسٹ یونیورسٹی کے 7 کیمپسز میں داخلہ دیا جائے گا، جس کی فیس حکومت پنجاب ادا کرے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب ورکر ویلفیئر فنڈ نے کارکنوں سے درخواستیں طلب کرلیں۔
پنجاب میں ورکرز کے بچے کامسٹ یونیوررسٹی، اسلام آباد، سب کیمپسز ایبٹ آباد، واہ، اٹک، لاہور، ساہیوال اور وہاڑی میں پڑھ سکیں گے۔ اس کے علاوہ معذور اور فوت شدہ ورکروں کے بچے کو بھی کامسٹ یونیورسٹی میں مفت تعلیم کی سہولت دی جائے گی۔
مریم نوازشریف نے کہا کہ ورکر ہمارے سر کا تاج ہے، تعلیم اور صحت سمیت ہر سہولت دیں گے، پنجاب کے ہر ورکر کے بچوں کےلئے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے دروازے کھول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کوئی بچہ چاہے وہ مزدور کا بچہ ہے اب تعلیم سے محروم نہیں رہے گا، مزدوروں کی فلاح وبہبود کےلئے ایسے تاریخی اقدامات کررہے ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔
رجسٹرڈ ورکر اسلا م آباد کیمپس میں 9 جولائی، لاہور کیمپس میں 17جولائی، واہ کینٹ اور ایبٹ آباد میں 4 اگست، وہاڑی اور اٹک میں 11 اور ساہیوال میں 15 اگست تک درخواستیں جمع کرواسکتے ہیں۔
درخواست فارم کے ساتھ ورکر کا قومی شناختی کارڈ رجسٹرڈ سرٹیفکیٹ، طالب علم کا قومی شناختی کارڈ یا بے فارم، سوشل سکیورٹی کارڈ یا اولڈ ایج بینیفٹ کی کاپی منسلک کرنا ہوگی۔
ورکرز کے بچے کامسٹ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر آن لائن اپلائی کر کے ڈاکومنٹس ایڈمیشن فارم میں جمع کرائیں گے۔