ویب ڈیسک: چیری پاکستان نے کراچی میں منعقدہ حالیہ پاکستان آٹو شو میں نمائش کے بعد اب باضابطہ طور پر اپنی فلیگ شپ پلگ اِن ہائبرڈ ایس یو وی ٹگو 8 پی ایچ ای وی کی قیمت کا اعلان کر دیا ہے۔کمپنی کے مطابق 7 نشستوں پر مشتمل یہ جدید ہائبرڈ ایس یو وی اب ملک بھر میں دستیاب ہے، جس کی قیمت 1 کروڑ 9 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
چیری ٹگو 8 پی ایچ ای وی لگژری، شاندار کارکردگی اور جدید ٹیکنالوجی کا امتزاج ہے۔ یہ گاڑی ایک طاقتور ہائبرڈ پاور ٹرین سے لیس ہے جو 543 ہارس پاور اور 830 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتی ہے۔ایس یو وی میں نصب 18.3 کلو واٹ آور کی بیٹری صرف الیکٹرک موڈ پر 77 کلومیٹر تک سفر کی صلاحیت رکھتی ہے، جبکہ مکمل چارج اور فیول کے ساتھ اس کی مجموعی ڈرائیونگ رینج تقریباً 1,020 کلومیٹر تک بتائی جا رہی ہے۔
مسافروں کی سہولت کے لیے گاڑی میں وینٹی لیٹڈ الیکٹرک سیٹس، جدید ایمبینٹ لائٹنگ اور ڈوئل زون کلائمٹ کنٹرول شامل کیا گیا ہے، جو کیبن کو ہر سفر میں آرام دہ بناتے ہیں۔
حفاظتی فیچرز کے حوالے سے بھی چیری نے بھرپور توجہ دی ہے۔ ٹگو 8 پی ایچ ای وی میں 10 ایئر بیگز، جدید اے ڈی اے ایس ڈرائیور اسسٹنس سسٹمز اور 360 ڈگری کیمرا فراہم کیا گیا ہے، جو ڈرائیور اور مسافروں کے لیے اعلیٰ سطح کا تحفظ یقینی بناتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق ٹگو 8 پی ایچ ای وی کی بکنگ 15 جنوری سے شروع ہو کر 31 جنوری تک جاری رہے گی، جس کے لیے 50 لاکھ روپے کی ڈاؤن پیمنٹ مقرر کی گئی ہے، جبکہ گاڑی کی ڈیلیوری 26 اپریل 2026 سے شروع کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔