سٹی42: اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران مختلف شاہراہوں پرعوامی دستر خوان لگانے کیلئے رجسٹریشن لازمی قرار دیدی گئی۔بغیر رجسٹریشن دستر خوان لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق رمضان المبارک میں مختلف شاہراہوں پر دسترخوان سجانےکیلئے ضلعی انتظامیہ سے رجسٹریشن کروانا لازمی ہوگی۔ ترجمان نے بتایا کہ دستر خوان لگانے کے خواہشمند افراد مکمل تفصیلات کے ساتھ درخواست جمع کروائیں، ضلعی انتظامیہ جگہ کی نشاندہی کریگی اور سکیوررٹی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ خواہشمند حضرات اپنے شناختی کوائف اور جگہ کی تفصیلات جمع کروا سکتے ہیں،شہر بھر سے مجموعی طور پر 18 درخواستیں اب تک موصول ہوئی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے جگہ کا معائنہ کیا جائے گا اور پھر دستر خوان لگانے کا اجازت نامہ جاری کیا جائے گا۔