کومل اسلم : شہر لاہور کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بوندا باندی سےسردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق مال روڈ، جیل روڈ، صدر گول چکر، گلبرگ ،زمان پارک، گڑھی شاہو، دھرم پورہ، مغل پورا ، اچھرہ، مسلم ٹاون، مزنگ، چوبرجی، یتیم خانہ بوندا باندی ہوئی اور بوندا باندی سےموسم خوشگوار ہوگیا،ہوا میں خنکی بڑھ گئی،سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
ٹھوکر، شملہ پہاڑی سمیت دیگر علاقوں میں ہلکی بارش کے باعث سردی کی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
خیال رہے کہ معمول سے کم بارشیں ہونے کے باعث پنجاب میں خشک سالی الرٹ جاری کردیا گیاہے،چولستان کے اضلاع میں بھی ایمرجنسی سیل بنانے کے احکامات دے دئیے گئے ہیں۔
محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے کہ پنجاب میں گزشتہ سال یکم ستمبر سے 15 جنوری 2025 تک 42 فیصد کم بارشیں ہوئی ہیں،پنجاب کے 14 اضلاع میں اس وقت خشک سالی کی کیفیت ہے،متاثرہ علاقوں میں پوٹھوہار،بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، بھکر، لیہ، خوشاب، مظفر گڑھ سمیت دیگر اضلاع شامل ہیں،پی ڈی ایم اے نے چولستان انتظامیہ کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایات دی ہیں۔
دوسری طرف کراچی میں صبح سویرے مطلع جزوی ابرآلوداورموسم خوشگوار ہے،شہر میں آج بھی دن کے اوقات میں گرمی کا راج برقرار رہے گا،اس وقت ہلکی دھند کے ساتھ خنکی محسوس کی جارہی ہے.
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اورزیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانےکا امکان ہے، شہر میں مغربی سمت سے 14 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہےہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ہے،آئندہ 24گھنٹوں کے دوران دن کے اوقات میں تیز دھوپ کے ساتھ رات میں موسم خشک رہے گا۔
اے کیو آئی کے مطابق شہرکا فضائی معیار بہتر ہے اوردنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی 49 جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں ساتویں نمبر پر موجود ہے،ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 81 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈکی گئی ہے۔