ویب ڈیسک : پولٹری ایسوسی ایشن پر قیمتیں بڑھانے کا الزام ثابت ہوگیا ۔ڈھائی کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا گیا ۔
مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے کارٹل بنا کر قیمتیں بڑھانے پر پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن پر کروڑوں روپے کا جرمانہ عائد کر دیا۔سی سی پی کے مطابق پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن پر قیمتیں بڑھانے کیلئے کارٹل بنانے کا الزام ثابت ہونے پر کمپیٹیشن ٹریبونل نے کمپٹیشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا۔سی سی پی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پولٹری ایسوسی ایشن کو ڈھائی کروڑ روپے جرمانہ ادا کرنےکا حکم دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پولٹری ایسوسی ایشن کی درخواست پر جرمانہ 5 کروڑ سےکم کرکے ڈھائی کروڑ روپے کر دیا، پولٹری ایسوسی ایشن کو 15 دن میں جرمانہ جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
یاد رہے کہ کمپٹیشن کمیشن نے پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن پر قیمتوں میں گٹھ جوڑ پر جرمانہ عائد کیا تھا۔ پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نے کچھ ماہ قبل کارٹل بنا کر پورے ملک میں من مرضی کی قیمتوں پر مرغی کا گوشت سیل کیا تھا ۔ ڈی سی اور حکومت قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئے تھے ۔ کئی ماہ شہریوں کو سستا پروٹین نہیں مل سکا تھا ۔ ڈی سی ریٹ کچھ اور ہوتا تھا جبکہ پولٹری مافیا کا ریٹ کچھ اور ہی ہوتا تھا ۔ اس کے بعد پولٹری ایسوسی ایشن نے اپنی الگ ہی قیمت نکالنی شروع کردی تھی ۔ سٹی 42 نے اس حوالے سے پہلے بھی خبر دی تھی اور واضح کیا تھا کہ پولٹری ایسوسی ایشن من مرضی کا ریٹ دے رہی ہے ۔ جس کو حکومت نے جب لگام دی تو پولٹری کی ترسیل روک کر بلیک میل کرنے کی بھی کوشش کی گئی تھی ۔ مسابقتی کمیشن آف پاکستان میں یہ ایشو گیا تو انہوں نےپولٹری ایسوسی ایشن کو کروڑوں کا جرمانہ کیا گیا ۔ واضح رہے پہلے یہ جرمانہ 5 کروڑ روپے تھا جو پولٹری کی معافی اور اپیل کے بعد ڈھائی کروڑ کیا گیا ہے ۔