سٹی 42: لاہور میں پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ACTIVIT کے اشتراک سے پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر مختلف کھیلوں پر مشتمل فیسٹیول کا انعقاد کیا۔
پی ایس بی لاہور سینٹر میں ہونے والے اس اسپورٹس گالا میں باکسنگ، سائیکلنگ، فٹبال، ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ کے مقابلے ہوئے، جن میں نوجوان کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔
پانچوں کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔
سائیکلنگ کے پروفیشنل ویمنز مقابلے میں کشوار سلیم نے گولڈ میڈل حاصل کیا، نور چوہدری نے سلور جبکہ عروج نے برونز میڈل جیتا ایمچر ویمنز کیٹیگری میں شمائل نے پہلی، عفت عارف نے دوسری اور نور نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسپیشل کڈز کیٹیگری میں کاظم عباس نے گولڈ، عبدالمہیمین نے سلور اور ندیم احمد نے برونز میڈل جیتا۔
آر پی ڈبلیو فریڈم فائٹ فیسٹ 2 کے باکسنگ مقابلوں میں ہیری پرنس نے رفاعی کو، باسط اکتان نے طلحہ ترم کو شکست دی، جبکہ محسن خان نے الطاف اور عزیئر کے خلاف تین طرفہ مقابلہ جیت لیا۔
مرکزی باکسنگ مقابلے میں متین شہزاد نے ہائن زر کو شکست دے کر نیا آر پی ڈبلیو پاکستان چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ ویٹ لفٹنگ مقابلے میں قاسم مشتاق نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ عادل بٹ دوسرے اور حسیب تیسرے نمبر پر رہے۔
اختتامی تقریب میں پی ایس بی لاہور سینٹر کی ڈائریکٹر نوریس صباح نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ACTIVIT کے سفیر معظم خان کلیر اور ایونٹ کوآرڈینیٹر امجد خان بھی تقریب میں موجود تھے۔
مقابلوں کا انعقاد متعلقہ کھیلوں کی ایسوسی ایشنز نے پی ایس بی لاہور سینٹر کی نگرانی میں کیا۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوریس صباح نے کامیاب کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور انہیں اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لیے مسلسل محنت کی ترغیب دی۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں میں نظم و ضبط، اعتماد اور مسابقتی جذبہ پیدا کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔
نوریس صباح نے ایونٹ کے انعقاد میں ACTIVIT کے سی ای او اور ڈائریکٹر نیشنل اسپتال ڈی ایچ اے لاہور ڈاکٹر رضوان آفتاب احمد کے تعاون کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کی جانب سے کھیلوں میں مزید سرمایہ کاری سے کھلاڑیوں کو تربیت اور مقابلوں کے زیادہ مواقع فراہم کیے جاسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کھلاڑیوں اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے مزید اسپانسرز کو آگے آنا چاہیے تاکہ مضبوط اسپورٹس ڈھانچے کی تشکیل اور کھلاڑیوں کو بین الاقوامی و اولمپک سطح پر مقابلے کے لیے تیار کرنے میں مدد مل سکے۔
معظم خان کلیر نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، تاہم کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے مسلسل مواقع اور تعاون کی ضرورت ہے۔