ویب ڈیسک:سابق بھارتی کرکٹر سنجے منجریکر نے ایشیا کپ میں پاکستانی سپنرز کو بھارتی ٹیم کیلئے خطرہ قرار دے دیا۔
ایشیا کپ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں آج ایونٹ کا سب سے بڑا پاک بھارت میچ دبئی میں کھیلاجائے گا ،شائقین بھی دلچسپ میچ دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔
پاک بھارت ٹاکرے سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور معروف کمنٹیٹر سنجے منجریکر کا کہنا ہے کہ پاکستان کا سپن پر مبنی بولنگ اٹیک دبئی میں اتوار کو ایشیا کپ کے بڑے مقابلے میں بھارتی بیٹرز کو مشکلات میں ڈال سکتا ہے۔
گرین شرٹس جو روایتی طور پر اپنے ورلڈ کلاس فاسٹ بولرز کے لیے جانے جاتے ہیں، نے اس بار متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز سے فائدہ اٹھانے کے لیے اپنی حکمتِ عملی بدلی ہے اور سپن پر انحصار کرنے والے بولنگ اٹیک کو اپنایا ہے۔
یہ حکمتِ عملی اب تک پاکستان کے لیے فائدہ مند ثابت ہوئی ہے کیونکہ انہوں نے حالیہ سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز کے فائنل میں افغانستان اور ایشیا کپ کے پہلے میچ میں عمان کے خلاف یکطرفہ کامیابیاں حاصل کیں۔