( ملک اشرف ) لاہور ہائیکورٹ نے پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کو سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اجازت دے دی، ملاقات 25 نومبر کو ہوگی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ، چوہدری منظور حسین، اسلم گل، سید حسن مرتضیٰ اور عثمان ملک کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں پیپلز پارٹی کے رہنما کو سابق صدر سے ملاقات کی اجازت نہ دینے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب راجہ عارف نے عدالت کو آگاہ کیا کہ آصف علی زرداری پمز اسلام آباد میں زیر علاج ہیں، اس کو سب جیل قرار دیا جاچکا ہے، چیف کمشنر اسلام آباد کو درخواست گزاروں کی سابق صدر مملکت سے ملاقات پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ 18 نومبر کے بعد درخواست گزار کسی بھی سوموار کو آصف علی زرداری سے ملاقات کرسکتے ہیں۔ جسٹس شاہد وحید نے قمر زمان کائرہ کو 25 نومبر کو ملاقات کرانے کا حکم دے دیا۔ اس سے پہلے درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ آصف علی زرداری بیمار ہیں لیکن جیل حکام اُن سے ملاقات کی اجازت نہیں دے رہے، ملاقات کی اجازت نہ دینا جیل قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
وکیل نے استدعا کی کہ زیر علاج آصف علی زرداری سے ملاقات کی اجازت دینے کا حکم دیا جائے۔