علی ساہی: آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم پولیس ملازمین کے سپیشل بچوں کے بہترین علاج معالجے کیلئے پر عزم جبکہ رواں سال پولیس ملازمین کے سپیشل بچوں کے علاج معالجے کیلئے 8 کروڑ 89 لاکھ روپے سے زائد فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سیریبل پالسی کے شکار 721 بچوں کو ماہانہ 20 ہزار روپے دیے گئے، جس کی مجموعی مالیت 6 کروڑ 42 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔ تھیلیسمیا سے متاثرہ 171 بچوں کو ماہانہ 30 ہزار روپے فراہم کیے گئے، جبکہ اس مد میں 1 کروڑ 53 لاکھ روپے سے زائد جاری کیے گئے۔
اسی طرح مختلف سنگین بیماریوں میں مبتلا 38 بچوں کے علاج کیلئے 62 لاکھ روپے سے زائد فراہم کیے گئے۔ کینسر اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کے مریض 6 بچوں کو 10 لاکھ 60 ہزار روپے دیے گئے، جبکہ دل اور گردوں کے امراض میں مبتلا 5 بچوں کیلئے 11 لاکھ 90 ہزار روپے جاری کیے گئے۔
مزید برآں، قوت سماعت کے مسائل سے دوچار 13 بچوں کو علاج کیلئے 8 لاکھ 72 ہزار روپے فراہم کیے گئے۔
آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ پولیس ملازمین کے بچوں کے علاج کیلئے ویلفیئر اقدامات جاری ہیں اور مختلف ہسپتالوں کے ساتھ معاہدوں کے تحت علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ان کامزید کہنا تھا کہ سپیشل بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔