ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

عمرہ سیزن کے دوران بری کارکردگی پر 21 کمپنیوں کی سرگرمیاں معطل

عمرہ سیزن کے دوران بری کارکردگی پر 21 کمپنیوں کی سرگرمیاں معطل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42:سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کو فراہم کی جانیوالی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے بڑا اقدام اٹھا لیا۔ 21 عمرہ سروس کمپنیوں کی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔

 سعودی وزارتِ حج و عمرہ  کے مطابق یہ کارروائی گزشتہ عمرہ سیزن کے دوران کمپنیوں کی کارکردگی کے تفصیلی جائزے کے بعد عمل میں لائی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ بعض کمپنیوں کی جانب سے زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں نمایاں کمی پائی گئی، جبکہ متعدد ادارے مقررہ ضوابط اور قواعد کی خلاف ورزی کے مرتکب بھی پائے گئے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ معطل کی جانے والی 21 کمپنیوں میں سے 15 کمپنیاں مطلوبہ کارکردگی اور سروس معیار پر پورا اترنے میں ناکام رہیں، جبکہ 6 کمپنیوں کے خلاف ریگولیٹری خلاف ورزیوں پر کارروائی کی گئی اور انہیں اصلاحی اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

 سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق کمپنیوں کی کارکردگی جانچنے کیلئے ایک جامع مانیٹرنگ سسٹم نافذ ہے، جس کے تحت آپریشنل، انتظامی اور نگرانی سے متعلق مختلف اشاریوں کی بنیاد پر خدمات کے معیار اور قواعد کی پابندی کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ اسی نظام کے تحت کمپنیوں کی درجہ بندی اور احتساب کیا جاتا ہے۔وزارت نے واضح کیا کہ اس اقدام کا مقصد عمرہ سروس فراہم کرنے والے اداروں کے درمیان مثبت مسابقت کو فروغ دینا، خدمات کے معیار کو بہتر بنانا اور سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق زائرین کو محفوظ اور بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔

  سعودی وزارتِ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ وزارت عمرہ زائرین اور مسجد نبوی ﷺ کے مہمانوں کے حقوق کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔وزارت کے مطابق عمرہ سروس کمپنیوں کی نگرانی اور کارکردگی کا جائزہ آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ شعبے میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔