رائو دلشاد: پنجاب کو ماحول دوست صوبہ بنانے کے ویژن کے تحت ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت جدید سائنسی تحقیق پر مبنی ’لیکوئڈ ٹری‘ منصوبے کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق پاکستان کا پہلا EPA تصدیق شدہ لیکوئڈ ٹری فیصل آباد سے لاہور منتقل کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے لیے کراچی سے خیبر تک 100 سے زائد اقسام کی مائیکرو الگی اکٹھی کی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں تیار کردہ لیکوئڈ ٹریز کو بڑے مالز، انڈور اور آؤٹ ڈور مقامات پر نصب کیا جائے گا تاکہ شہری علاقوں میں آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق یہ جدید ٹیکنالوجی شہری ماحول میں کاربن ڈائی آکسائیڈ اور سموگ کے خاتمے کے لیے ایک مؤثر اور سائنسی حل کے طور پر سامنے آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ماحولیاتی بہتری کی جنگ میں ایک بڑی تبدیلی ثابت ہوگا اور بڑے پلازوں و کمرشل ایریاز میں مصنوعی درخت ماحول کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
حکام کے مطابق یہ اقدام پنجاب میں ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی جانب ایک اہم قدم ہے۔