ویب ڈیسک: میکسیکو کے مختلف علاقوں میں زلزلے نے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی، متعدد افراد احتیاطاً عمارتوں اور گھروں سے باہر نکل آئے ہیں جبکہ مقامی اداروں نے صورتحال کی نگرانی تیز کرتے ہوئے ممکنہ اثرات کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔
جرمن ریسرچ سینٹر برائے ارضیاتی علوم کے مطابق زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس کا مرکز زمین کی سطح سے تقریباً 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔

دوسری جانب خبر رساں اداروں کے مطابق میکسیکو میں زلزلے کے جھٹکے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فوری طور پر کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ مقامات پر صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ متعلقہ ادارے نگرانی کے عمل میں مصروف ہیں۔

ماہرین کے مطابق کم گہرائی والے زلزلے اکثر زیادہ واضح اور نسبتاً شدید محسوس کیے جا سکتے ہیں۔
حکام نے شہریوں کو احتیاط برتنے، سرکاری ہدایات پر عمل کرنے اور کسی بھی ممکنہ آفٹر شاک کی صورت میں محفوظ مقامات اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ چند دن قبل پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں واقع ضلع ژوب میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
ژوب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شہریوں نے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جس کے بعد لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے تھے۔

مزید برآں حال ہی میں لاہور اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4 اعشاریہ 9 ریکارڈ کی گئی جبکہ زیر زمین زلزلے کی گہرائی 18 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی تھی۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز کشمیر انڈیا بارڈر ریجن ہے۔