سٹی 42: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں تیز بارش اور آندھی کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا، جبکہ متعدد علاقوں میں گیپکو کے فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد گرمی کا ذور کم ہونے سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ ڈسکہ شہر اور گردونواح میں تیز بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت کم ہوگئی اور موسم خوشگوار ہو گیا۔
گوجرانوالہ اور اس کے گردونواح میں گرد آلود تیز آندھی چلی، جس کے باعث گیپکو کے متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے اور مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
گجرات شہر اور گردونواح میں بھی بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ بارش کے باعث متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے، جبکہ کئی علاقوں میں بجلی بند ہوگئی۔ نشیبی علاقوں اور گلی محلوں میں پانی جمع ہونے سے سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔
وزیرآباد اور اس کے گردونواح میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ طوفان اور بارش کے باعث گیپکو کے متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔