راؤ دلشاد:صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت مون سون تیاریوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں بارشوں کے دوران ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کی فیلڈ فارمیشنز کو مون سون کے دوران ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بارش کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔
ملک صہیب احمد بھرتھ نے ہدایت کی کہ سڑکوں کے شولڈرز، پلوں، کلورٹس اور ڈرینج سسٹم کا فوری معائنہ کیا جائے تاکہ بارشوں کے دوران عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ بارشی پانی کی فوری نکاسی کے لیے ڈی واٹرنگ پمپس کی تعیناتی یقینی بنائی جائے، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ اور تعاون برقرار رکھا جائے۔
اجلاس میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات راجہ جہانگیر انور، سپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹریز، چیف انجینئرز سمیت دیگر افسران نے شرکت کی، جبکہ پنجاب بھر کے فیلڈ افسران ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔