سٹی42:شہرکےمختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
ٹاون شپ، کینال روڈ، مسلم ٹاؤن،اچھرہ، شمع، قرطبہ چوک جیل روڈ کےاطراف کہیں ہلکی کہیں تیز بارش بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
ملک میں مون سون کا دوسرا سپیل جاری ہے لاہور کے مختلف علاقوں میں رات گئے بھی بادل برسے، ڈیفنس، غازی روڈ، فیروز پور روڈ، والٹن اور دیگر علاقوں میں بوندا باندی ہوئی، راولپنڈی میں موسلا دھار بارش ہوئی، کئی مقامات پر پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔
دوسری جانب بہاولنگر اور گردونواح میں موسلادھار بارش ہوئی، نشیبی علاقے زیر آب آگئے، سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، منچن آباد میں بارش ہوئی، گلیاں اور سڑکیں زیر آب آگئیں، مری اور گردو نواح میں موسلادھار بارش ہوئی، سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
راجن پور میں کوہ سلیمان پر مسلسل بارش سے ندی نالوں میں طغیانی، نالہ چھاچھڑ میں پچاس ہزار کیوسک کے سیلابی ریلے کی آمد ہوئی، نہر میں شگاف سے کپاس اور چاول کی فصلوں میں پانی داخل ہوگیا، پشاور شہر کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی، کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔
ضلع خیبر کے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، گاڑی ریلے میں بہہ گئی، ملاکنڈ کے مختلف علاقوں میں آندھی اور طوفان آگیا، دیوار گرنے سے 2 بچیاں جاں بحق ہوگئیں، محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہنے کی پیش گوئی کردی۔
دوسری جانب کشمور میں دریائے سندھ گڈو بیراج کے مقام پر پانی کی سطح مزید بلند ہوگئی جس کے باعث محکمہ ایریگیشن نے درمیانے درجے کے سیلاب کا اعلان کر دیا۔
کنٹرول روم کے مطابق گڈو بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 55 ہزار 283 کیوسک اور اخراج 3 لاکھ 15 ہزار 558 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13 ہزار 190 کیوسک پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے جبکہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران پانی کی سطح مزید بلند ہو سکتی ہے۔