سٹی42: لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے صارفین سے بجلی کے واجبات وصول کرنے کے نظام میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت بلوں کی وصولی کا نظام اب ون لنک پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
لیسکو حکام کے مطابق کمپنی نے ون لنک کی مدد سے فنڈز کی مؤثر مانیٹرنگ اور ریکوری کے عمل کو مزید شفاف بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر کام شروع کر دیا ہے۔ نئے نظام کے تحت ون لنک کے ذریعے جمع ہونے والی بجلی کے بلوں کی رقوم فوری طور پر لیسکو کے اکاؤنٹس میں منتقل ہو جائیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ون لنک سسٹم کے نفاذ سے نہ صرف بجلی کے بلوں کی ریکوری کی شرح میں بہتری آئے گی بلکہ فنڈز کی نگرانی بھی آسان ہو جائے گی۔ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ لیسکو کو جمع شدہ بلوں کی رقوم کی ویری فکیشن کے لیے کئی گھنٹوں تک انتظار کرنا پڑتا ہے، جبکہ موجودہ نظام میں یہ رقوم تین مختلف مراحل سے گزر کر لیسکو کے اکاؤنٹس میں منتقل ہوتی ہیں۔