مال روڈ (علی اکبر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے محکموں کے غیر ضروری اخراجات پر پابندی عائد کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے محکموں کیلئے ضمنی گرانٹس کے اجراء اور نئی بھرتیوں پر بھی پابندی لگا دی ہے جبکہ نئی گاڑیاں اور دیگر پر تعیش اشیاء کی خریداری پر بھی پابندی لگادی گئی، محکمہ صحت میں ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی بھرتیوں کی اجازت ہوگی۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پرہاشم جواں بخت کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر صوبے کی معاشی صورتحال، ترقیاتی پروگرام اور مستقبل کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا، صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے محکموں کو مالیاتی نظم و ضبط اور بچت و کفایت شعاری کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی۔
صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے کہا کہ کورونا کے باعث غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے، پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن کے باعث عوام کی مالی مشکلات کو مدنظر رکھ کر 18 ارب روپے کے ٹیکس کا ریلیف دیا ہے، محکمہ صحت اور پی ڈی ایم اے کو 15 ارب روپے سے زائد کے فنڈز مہیا کئے گئے ہیں جبکہ مستحق افراد کی مالی امداد کیلئے 10 ارب روپے کے فنڈز دیئے گئے ہیں، رمضان المبارک میں بھی عوام کو ریلیف دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری توجہ کورونا کی روک تھام اور مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتوں پر ہے، ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کو حفاظتی لباس اور ضروری سامان کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے۔
واضح رہے کہ چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس کی پاکستان میں تباہ کاریاں جاری ہیں، کورونا سے مزید 5 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 96 ہوگئی ہے جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مہلک وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد 5716 تک پہنچ گئی، ملک میں لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کا فیصلہ آج ہوگا ۔